بجنور9اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ضلع میں ایک جوڑے نے پھانسی لگا کر خودکشی کرنے کی واردات منظر عام پر آئی ہے جس کے بارے میں گمان کیا جارہا ہے کہ جوڑے نے خانگی بدحالی کی وجہ سے یہ قد اٹھایا ہے ۔ پولس حکام کے مطابق تھانہ کرت پور کے تحت کتھوڑا گاؤں کا باشندہ محمد صادق 26اور اس کی اہلیہ گلشن 24نے بیڈ روم کے پنکھے سے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی ۔ اہل خانہ کے مطابق علی الصبح جب دونوں کمرے سے باہر نہیں آئے تو ہم نے دروازہ کھٹکھٹایا ؛ لیکن کوئی جواب نہیں ملا ۔ جواب نہ ملنے کے بعد ہم نے پولس بلاکر کمرے کے دروازے کو توڑا تو ان دونوں کو کمرے کے پنکھے سے پھانسی لگاکر خودکشی کیا ہوا پایا ۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع ہسپتال بھیج دیا ہے اور واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔ علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ اب تک کوئی تنازعہ میاں بیوی اور اہل خانہ کے درمیان پیش نہیں آیا ؛ لیکن ایک ساتھ میاں بیوی کا خودکشی کرلینا نہایت افسوس ناک ہے۔ تاہم ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ میاں بیوی ادھر چند دنوں سے مالی تنگی اور خستہ حالی کی وجہ سے پریشان تھے اور اہل خانہ کی طرف سے ان کو ذہنی تناؤ کا شکار بھی بنایا جارہا تھا ۔ تاہم مذکورہ واقعہ سے گاؤں کتھوڑا افسردہ ہے اور ایک ساتھ میاں بیوی کی موت سے ہر کوئی غمگین ہے ۔